حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، انصار اللہ کا کہنا ہے کہ بحیرہ احمر میں صہیونی جہازوں کے خلاف کارروائی اس وقت تک جاری رہے گی جب تک وہ غزہ پر حملے جاری رکھیں گے، یمن کی فوج نے بحیرہ احمر میں قبضے میں لیے گئے اسرائیلی کارگو جہاز کی تصاویر جاری کی ہیں۔
یمنی بحریہ نے بحیرہ احمر میں ایک اسرائیلی مال بردار جہاز کو پکڑ لیا ہے جس میں 52 افراد سوار تھے، دوسری جانب یمن کی تحریک انصار اللہ کے شعبہ اخلاقیات کے مشیر عبداللہ بن عامر نے پیر کے روز کہا ہے کہ اسرائیلی جہاز کو پکڑے جانے کا تعلق غزہ کے واقعات سے ہے، انہوں نے کہا کہ ہم نے یہ کام غزہ کی حمایت کرتے ہوئے کیا ہے۔
انصار اللہ کے اس اہلکار کے مطابق اسرائیلی جہاز کو پکڑنا اس کے تمام حامیوں کے لیے ایک پیغام ہے کہ ہم صہیونی جہازوں کو نشانہ بنائیں گے۔
بن عامر کے مطابق غزہ پر حملے بند ہوتے ہی ہم اسرائیلی جہازوں کو پکڑنے کا کام بھی روک دیں گے، اس سے قبل یمن کی تحریک انصار اللہ کے سیاسی شعبے کے انچارج محمد البخیتی نے کہا تھا کہ ہم اسرائیل کے ردعمل سے پریشان نہیں ہیں، ان کا کہنا ہے کہ ہم اسرائیلی جہازوں پر قبضہ جاری رکھیں گے اور ہم صیہونی حکومت سے بالکل بھی خوفزدہ نہیں ہیں۔
یمنی مسلح افواج کے ترجمان بریگیڈیئر یحیی سریع نے ایک بیان میں یمنی بحریہ کی جانب سے بحیرہ احمر میں فوجی آپریشن کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہاتھا کہ اس آپریشن کے نتائج میں سے ایک اسرائیلی جہاز کو قبضے میں لینا اور یمن کے ساحل پر اس کی منتقلی تھا ۔